کراچی: پاکستان اسمارٹ ٹیکنالوجی سے لیس تباہ کن ہتھیار بنانے والے ممالک میں شامل ہوگیا ہے جبکہ ملک کے سب سے بڑے شہر میں آج بین الاقوامی دفاعی نمائش آیئڈیاز منعقد کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دفاعی مصنوعات کے ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز نے جدید سب سونک کروز میزائل متعارف کرادیا۔ دفاعی نمائش میں اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ دفاعی مصنوعات متعارف کی جارہی ہیں۔
پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی اونچی اُڑان
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے دفاعی نمائش کے افتتاح کا فیصلہ کیا تھا، تاہم وزیر اعظم کے کورونا میں مبتلا ہوجانے کے بعد نمائش کے افتتاح کی ذمہ داری وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نبھائی اور افتتاحی تقریب سے خطاب بھی کیا۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان جدید اسمارٹ دفاعی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کیلئے کوشاں ہے۔ دفاعی نمائش آئیڈیاز پاکستان کی اہم دفاعی مصنوعات کو فروغ دے رہی ہے جن میں سب سونک کروز میزائل حربہ اور جدید جنگی ڈرون شاہپر ٹو شامل ہیں۔
چیف ایگزیکٹو گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز اسد کمال کا نمائش کے متعلق کہنا ہے کہ پاکستان اسمارٹ ٹیکنالوجی سے لیس تباہ کن ہتھیار بنانے والے ممالک میں شامل ہوچکا ہے۔ سب سونک کروز میزائل کی رینج 280 کلومیٹر ہے۔
لانگ رینج اینٹی شپ سب سونک کروز میزائل سمندر سے انتہائی کم اونچائی پر سفر کرنے کی خصوصیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دشمن کا راڈار سسٹم اس میزائل کی موجودگی کا پتہ نہیں چلا سکتا۔ بحری جہاز کے ساتھ ساتھ میزائل سے کوسٹ کی عمارتیں بھی نشانہ بنائی جاسکتی ہیں۔
اسد کمال نے کہا کہ پاکستان کروز میزائل ٹیکنالوجی عالمی مارکیٹ میں فروخت کرنے والے چند ممالک میں سے ایک بن گیا ہے جبکہ یہی ٹیکنالوجی اگر کسی اور ملک سے چاہئے تو ان میں امریکا، روس، فرانس، چین، اسرائیل اور جنوبی کوریا جیسے ممالک کے نام آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ادارہ پاکستان کو ڈرون ٹیکنالوجی میں آگے لایا۔ دفاعی نمائش میں جنگی ڈرون شاہپر ٹو بھی متعارف کرایا گیا جو فضا سے زمین پر مار کرنے والے 2 لیزر گائیڈڈ میزائلوں سے آراستہ ہے جو دشمن کے اہداف کامیابی سے نشانہ بنائے گا۔
خیال رہے کہ شاہپر ٹو مسلسل 7 گھنٹے تک پرواز کرسکتا ہے، جس کی رفتار 120 ناٹ جبکہ بلندی کی حد 18 ہزار فٹ ہے۔ تازہ ترین روس یوکرین جنگ میں بھی اسمارٹ ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال سے واضح ہے کہ پاکستان دفاعی مصنوعات کی تیاری میں کتنا آگے نکل چکا ہے۔