برطانیہ: اسکاٹ لینڈ کی حکمران جماعت اسکاٹش نیشنل پارٹی نے پاکستانی نژاد حمزہ یوسف کو پارٹی کا نیا سربراہ منتخب کرلیا ہے۔ حمزہ یوسف کسی برطانوی سیاسی جماعت کے پہلے مسلمان اور پاکستانی نژاد لیڈر ہوں گے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 37 سالہ حمزہ یوسف سکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولہ سٹرجن کی جگہ لیں گے جو گزشتہ ماہ 8 برس تک ایس این پی کی سربراہ رہنے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئی تھیں۔
حمزہ یوسف نے ایس این پی کا سربراہ منتخب ہونے کے بعد کہا کہ اگر وہ منگل کو سکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ میں ووٹنگ کے دوران فرسٹ منسٹر منتخب ہوتے ہیں تو یہ ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہوگا۔
شاداب خان نے ٹی 20 کرکٹ کا بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا
حمزہ یوسف پہلی بار 2011 میں 26 سال کی عمر میں گلاسگو سے سکاٹش پارلیمنٹ کے رکن بنے تھے۔ وہ اسکاٹش کابینہ میں وزیر ٹرانسپورٹ اور وزیر انصاف بھی رہ چکے ہیں۔
حمزہ یوسف اس وقت سکاٹ لینڈ کے وزیر صحت ہیں اور عام طور پر یہ خیال کیا جاتا تھا کہ وہ نکولہ سٹرجن کے پسندیدہ جانشین ہیں حالانکہ انھوں نے واضح طور پر مقابلے میں کسی بھی امیدوار کی حمایت نہیں کی۔
حمزہ یوسف کے والد مظفر یوسف کا تعلق پاکستان کے شہر میاں چنوں سے ہے اور وہ 1960 میں سکاٹ لینڈ منتقل ہوئے جبکہ ان کی والدہ کینیا میں ایک جنوبی ایشیائی فیملی میں پیدا ہوئیں۔