لاہور: پاکستان نے قذافی اسٹیڈیم میں جمعہ کے روز دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی۔
پاکستان کے دیے گئے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 19 اوورز میں 144 رنز تک محدود رہی۔ تنزیم حسن نے 31 گیندوں پر 50 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی جو مہمان ٹیم کی جانب سے نمایاں رہی۔
ابتدائی جوڑی تنزید حسن اور پرویز حسین ایمون نے صرف 3.4 اوورز میں 44 رنز کا برق رفتار آغاز فراہم کیا مگر اس کے بعد یکے بعد دیگرے پانچ وکٹیں صرف 12 رنز کے اندر گر گئیں۔
پرویز ایمون 8 رنز پر چوتھے اوور میں حارث رؤف کا شکار بنے اور اگلے ہی اوور میں ان کے ساتھی تنزید حسن کو فہیم اشرف نے آؤٹ کر دیا۔ تنزید نے 19 گیندوں پر 33 رنز بنائے جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
کپتان لٹن داس صرف 6 رنز بنا کر حسن علی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ ساتویں اوور میں ابرار احمد نے دو گیندوں پر توحید ہریدوے اور جاکر علی کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو 56/6 پر پہنچا دیا۔
ابرار احمد نے بعد میں شمیم حسین (7) کو بھی شکار بنایا جبکہ رشاد حسین کو شاداب خان نے ایک رن پر آؤٹ کیا اور بنگلہ دیش 9.5 اوورز میں 77/7 کی پوزیشن میں پہنچ گیا۔
اس کے بعد مہدی حسن مرزا اور تنزیم حسن ساکب نے 33 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو 100 رنز سے آگے لے گئے۔ مہدی مرزا نے 17 گیندوں پر 23 رنز بنائے جبکہ ساکب نے 50 رنز مکمل کیے۔
بنگلہ دیش کی اننگ 144/9 پر مکمل ہوئی۔ شریف الاسلام پاکستان کی اننگ کے دوران زخمی ہونے کے باعث بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔
قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ابتدا میں صائم ایوب صرف 4 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث نے شاندار 103 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔
محمد حارث نے 25 گیندوں پر 41 رنز بنائے جن میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد حسن نواز کریز پر آئے۔
صاحبزادہ فرحان نے اپنے کیریئر کی پہلی ٹی ٹوئنٹی نصف سنچری صرف 29 گیندوں پر مکمل کی اور 41 گیندوں پر 74 رنز بنا کر 12ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں چار چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔
کپتان سلمان آغا نے 19 رنز بنائے، شاداب خان 7 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ فہیم اشرف صرف 1 رن بنا سکے۔ حسن نواز نے آخر تک ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 26 گیندوں پر 51 رنز بنائے، جن میں دو چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔