تاشقند: پاکستان اور ازبکستان کے مابین اشیاء اور خدمات کے تبادلے کو فروغ دینے کیلئے 1 ارب ڈالرز کا تجارتی معاہدہ طے پایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تاشقند میں دونوں ممالک کے بین الحکومتی کمیشن برائے تجارتی، اقتصادی اور سائنسی تکنیکی تعاون کے 8ویں اجلاس کے دوران پاک ازبکستان معاہدہ طے پایا۔
زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ جاری
دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے اشیاء و خدمات کے تبادلے کی حوصلہ افزائی کیلئے 1 ارب ڈالرز کے تجارتی معاہدے پر دستخظ کیے۔ فریقین کے مابین بین الحکومتی کمیشن کا نواں اجلاس پاکستان میں منعقد کرنے پر اتفاق بھی ہوا۔
وفاقی وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ پاک ازبکستان بین الحکومتی کمیشن برائے تجارتی، اقتصادی اور سائنسی تکنیکی تعاون کا آٹھواں اجلاس تاشقند میں ہوا تھا جس میں اقتصادی امور پر بات چیت کی گئی۔
اجلاس کے دوران زیادہ تر تجارت اور دو طرفہ اقتصادی تعاون سمیت قدرتی وسائل، توانائی، ٹیکسٹائل انڈسٹر، صنعت و پیداوار اور بینکنگ سمیت دیگر شعبہ جات کی ترقی پر گفتگو اور تبادلۂ خیال ہوا۔
وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے اجلاس کی مشترکہ صدارت ازبکستان کے وزیر تجارت و صنعت اور سرمایہ کاری لازیز قادرتوف کے ہمراہ کی۔ پاکستان نے آٹو موبائل اور معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں کام کا خیر مقدم کیا۔