وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور افغان وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے حالیہ سفارتی پیشرفت اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی۔
افغان وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کے ایک نئے باب کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے اسے دوطرفہ تعلقات میں ایک ”انتہائی مثبت پیش رفت“ قرار دیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی غور کیا کہ دورہ کابل کے دوران کیے گئے فیصلوں پر اب تک کس حد تک عملدرآمد ہوا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی اعتماد اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے درمیان مجوزہ ریلوے منصوبے پر بھی بات ہوئی۔ دونوں ممالک نے اس منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے زور دیا کہ اس کا فریم ورک معاہدہ جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ خطے میں تجارتی روابط اور زمینی رابطوں کو فروغ دیا جا سکے۔