اسلام آباد: پاکستان بھر میں پاک فضائیہ کا قومی دن آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے جس کا مقصد مادرِ وطن کی حرمت پر جان دینے والے ائیر فورس کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
پاک فضائیہ کو دنیا کی بہترین ائیر فورسز میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے جس نے سن 1965ء کی جنگ میں دشمن کے دانت کھٹے کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو شکستِ فاش دی۔ یومِ فضائیہ کے موقعے پر وطن کیلئے جان دینے والے فضائیہ کے شہداء کو یاد کیا جائے گا۔
پاکستان بھر میں 7 ستمبر کو یومِ فضائیہ کے موقعے پر اہم تقریبات منعقد ہوں گی۔ آج ائیر فورس کے کمسن شہید راشد منہاس کے مزار پر فاتحہ خوانی ہوگی جبکہ نشانِ حیدر کا اعزاز پانے والے راشد منہاس شہید نے وطن کے راز بھارت لے جانے والے انسٹرکٹر کو موت کے گھاٹ اتارتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
کمسن شہید راشد منہاس کے مزار پر فاتحہ خوانی کی جائے گی اور پھول چڑھائے جائیں گے۔ پاکستان ائیر فورس نے راشد منہاس جیسے افسران کی خدمات سے قوم کا سر ہمیشہ فخر سے بلند رکھا۔ پاکستان کی تاریخ ایسے ہی واقعات کی مثالوں سے بھری پڑی ہے جن میں فوج کے افسران اور سپاہیوں نے وطن کیلئے جان قربان کی۔
ایم ایم عالم نے دشمن کے طیاروں کو سیکنڈوں میں مار گرایا۔ پاک فضائیہ کی تاریخ میں 1965 جنگ کے ہیرو ایم ایم عالم کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے 30 سیکنڈز میں بھارت کے 4 جنگی طیارے مار گرائے۔ خدمات کے اعتراف میں قومی ہیرو کو 2 بار ستارۂ جرات سے نوازا گیا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ موجودہ دور میں جنگ کی نوعیت بدل چکی ہے۔ ہم انشا اللہ دشمن کے منفی عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ فوج کی کامیابی بڑی حد تک عوام کی حمایت پر منحصر ہوتی ہے، عوامی تعاون کے بغیر فوجیں ریت کی دیوار ثابت ہوتی ہیں۔
گزشتہ روز قومی یوم دفاع وشہداء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دفاع وطن ایک مقدس فریضہ ہے جو ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔موجودہ دور میں جنگ کی نوعیت بدل گئی ہے۔ پاک فوج کے شہداء کے لواحقین اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آپ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
مزید پڑھیں: ہم دشمن کے منفی عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، آرمی چیف