دیر: پاک افغان بارڈر، سرحد پار سے فائرنگ،ایف سی کا جوان شہید، 2زخمی،آئی ایس پی آر کے مطابق سرحد پار سے فائرنگ کے دوران مارٹر گولوں اور بھاری اسلحے کا استعمال کیا گیا۔
آئی ایس پی آرکے جاری کردہ بیان کے مطابق دیر کے علاقہ بن شاہی میں افغانستان کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کا ایک جوان شہید ہوگیا جبکہ 2زخمی ہوگئے، فائرنگ سے شہری آبادی اور فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
پاک فوج کی جانب سے سرحد پار سے کی گئی فائرنگ اور مارٹرگولوں کے حملے کا موثر اور بھرپور جواب دیا گیا۔واضح رہے کہ آج ہی کے دن بھارتی فوج کی جانب سے بھی کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 18 سالہ لڑکی شہید اور6 شہری شدید زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق کنٹرول لائن کے تتہ پانی سیکٹرمیں واقع فتح پوراورتاہی گاؤں میں آبادی پربھارت نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی۔
بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 18 سالہ لڑکی شہید اور2 بچیوں، دوخواتین سمیت 6 شہری شدید زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آرکے مطابق پاک فوج نے فائرنگ کرنے والی بھارتی چوکیوں کو موثر جواب دیتے ہوئے نشانہ بنایا۔