پشاور: طورخم میں پاک افغان سرحد 9روزہ بندش کے بعد ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد 9 روز بندش کے بعد پاک افغان حکام کے مابین کامیاب مذاکرات کے بعد کھول دی گئی۔ بندش کے باعث سرحد کے دونوں اطراف مختلف قسم کے سامان سے لدے ہوئے ٹرکس کی لائنیں لگ گئیں۔
طور خم گیٹ پر پاک افغان سرحدی محافظوں کے درمیان ہاتھاپائی
تاہم پاک افغان سرحدی مقام طورخم سے دونوں جانب کی ٹریفک رواں دواں ہونے کے بعد تجارتی سرگرمیاں بھی بحال ہوگئیں۔ بندش کے باعث تازہ پھل، سبزیوں، پولٹری، گوشت اور دیگر خراب ہوجانے والا تجارتی برادری کامال برباد ہوگیا۔
تمام تر نقصان اور بندش سے ہونے والے مالی خسارے کے باوجود کاروباری برادری نے پاکستان اور افغانستان کے مابین طورخم سرحد دوبارہ کھلنے اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک مشترکہ بیان میں پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈائریکٹر ضیاء الحق سرحدی اور شریک چیئرمین خان جان الکوزئی کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاک افغان سرحد پر حالات کشیدگی کا شکار رہے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے حال ہی میں کارروائی کرتے ہوئے پاک افغان سرحد سے دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بنایا جبکہ سرحدی محافظوں کے مابین ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی۔