کراچی:مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کھلاڑی بھی میدان میں آ گئے۔ شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ بھارت اور مودی حکومت کے لیے ہمارے پختون اور قبائلی بھائی کافی ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے فوجی کیپ اور شرٹ پہن کر مزارِ قائد پر یکجہتی کشمیر کے احتجاج میں شرکت کے دوران میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اور میرا خاندان کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی نژاد باکسر عامر خان کا لائن آف کنٹرول پر کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی
شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو غلط رنگ دیتے ہوئے اسے کمزوری سمجھا۔ پاک بھارت تعلقات اور بھارت کا امیج مودی حکومت اور اس کے پیروکاروں نے خراب کیا ہے۔
مایہ ناز آل راؤنڈر نے بھارت میں ہندو مسلم فسادات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گجرات اور اب مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی حکومت نے جو کچھ بھی کیا ہے، سب جہالت ہے۔ کراچی سے خیبر پختونخواہ تک شاہد آفریدی اور پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے لائن آف کنٹرول کا دورہ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر ایک قوم کی حیثیت سے وزیر اعظم کی پکار پر لبیک کہنا ہمارا فرض ہے۔
مزید پڑھیں: مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے