اسلام آباد: وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ بلاول زرداری لٹو اور پھٹووالی پالیسی چھوڑ کر سندھ پر توجہ دیں،اپوزیشن کی منافقت بھی بے مثال ہے، پہلے آئی ایم ایف کے پاس جانے اور عوام کو ریلیف دینے پر منفی پراپیگنڈے کر رہی تھی۔اب وزیراعظم کے عوامی ریلیف پیکیج پر مگر مچھ کے آنسو بہانے کی بجائے بہادری کا مظاہرہ کرے اور اقدامات کو سراہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ ہماری حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پرسیلز ٹیکس صفر کیا،(ن) لیگ 55روپے فی لیٹر تک سیلز ٹیکس لیتی رہی۔
آج پی ٹی آئی کی درخواست پر الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی جس میں ہمارے وکلا نے دلائل دیئے، الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں واضح لکھا ہے کہ پٹیشنر اکبر ایس بابر نے کوئی مصدقہ دستاویز پیش نہیں کی،مصدقہ دستاویز بطور ثبوت پیش نہ کرنے پر ہم الیکشن کمیشن سے استدعا کرتے ہیں کہ اکبر ایس بابر کو کیس سے الگ کیا جائے۔
وزیر مملکت نے کہاکہ اکبر ایس بابر کا اب اس کیس سے جڑے رہنے کا کوئی جواز نہیں بچتا، سکروٹنی کمیٹی نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے ڈیٹا منگوایا تھا، حنیف عباسی کے کیس میں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق سکروٹنی کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن کیس سننا چاہتا ہے، ہم الیکشن کمیشن کو مطمئن کریں گے۔
پہلے بھی سکروٹنی کمیٹی کو پی ٹی آئی نے 40ہزار ڈونرز کا ریکارڈ پیش کیا تھا،پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس کے پاس ماہر چارٹرڈ اکاؤٹنٹ اورپولیٹیکل فنڈریزنگ کا تجربہ ہے۔وزیر مملکت نے کہاکہ دیگر پارٹیوں کے پاس بیرون ممالک سے فنڈنگ کا کوئی ریکارڈ نہیں۔
بے نظیر کی کتاب کے مطابق نواز شریف نے ان کی حکومت گرانے کے لئے اسامہ بن لادن سے پیسے لئے، فضل الرحمان نے لیبیا سے پیسے لیکر سیکرٹریٹ تعمیر کرایا، پیپلز پارٹی مارک سہگل کو لابنگ کے لئے پیسے دیتی رہی۔
وزیر مملکت نے مزید کہاکہ سکروٹنی کمیٹی غیر فعال ہونے سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا فارن فنڈنگ کیس آگے نہیں بڑھ رہا، ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر سکروٹنی کمیٹی کو فعال کرے۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کے 9 اور پیپلز پارٹی کے 12خفیہ اکاؤنٹس سامنے آئے ہیں، دونوں پارٹیوں نے پارٹی اکاؤنٹس کو منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کیا۔
فرخ حبیب نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافے کے باوجود کمی کر کے عوام کو ریلیف دیا ہے،بجلی کی یونٹ میں 5روپے کمی سے 95فیصد صارفین کو فائدہ ہوا اور بل 20سے 50فیصد تک کم آئیں گے۔
مزید پڑھیں: آسٹریلوی ٹیم کو سربراہ مملکت کے برابر سیکیورٹی دی ہے،شیخ رشید