کراچی: پاکستان مسلم لیگ(ن)کے قائد میاں نوازشریف اور نائب صدرمریم نوازکے ترجمان محمد زبیرکا کہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن)کا برا وقت گزر گیا ہے، اور اچھا وقت آنے والا ہے، لیکن عمران خان کا برا وقت شروع ہو چکا۔
محمد زبیر نے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے نواز شریف کو اتنا پر جوش کبھی نہیں دیکھا، مسلم لیگ ن کی قیادت نے مشکل وقت گزار لیا ہے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف ہائی اسپرٹ میں ہیں، پہلے کبھی انھیں ایسا نہیں دیکھا، ہمارا اچھا وقت آ گیا، عمران خان کا برا وقت شروع ہو چکا۔
محمد زبیر نے یہ دعویٰ قائد ن لیگ سے لندن میں ملاقات کے بعد کیا ہے، انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کے لیے یہ اچھی خبر نہیں، ان کا برا وقت شروع ہو گیا ہے۔
انھوں نے کہا نواز شریف سے میری ملاقات اچھی رہی، نواز شریف سیاست کا محور ہیں، وہ بہت جلد مستقبل قریب میں وطن واپس آئیں گے، لندن میں ان کا علاج ہو رہا ہے۔
محمد زبیر نے کہاکہ نواز شریف سے ملاقات کے بعد اب بتائیں کہ پارٹی کی قیادت کون کرے گا؟ انھوں نے کہا میں آپ کو کوئی ہیڈ لائن نہیں دوں گا، قیادت کون کرے گا، یہ پارٹی قیادت کا اپنا فیصلہ ہوتا ہے، مسلم لیگ ن میں سارے بہترین لیڈرز ہیں۔
نواز شریف کی صحت سے متعلق رپورٹس پر انھوں نے کہا کہ عدالت نواز شریف کی صحت کی رپورٹ جب بھی مانگے گی تو ہم فراہم کر دیں گے، صحت کسی کا بھی ذاتی معاملہ ہوتا ہے، اس پر کھل کر بات نہیں کر سکتا، طبی طور پر جب بھی ضرورت ہوگی نواز شریف سرجری کرا لیں گے۔
مزید پڑھیں: بلدیاتی انتخابات، مختلف شہروں کے میئرز کیلئے وزراء کے رشتہ داروں کے نام زیرغور