بی جے پی کی رخصتی کا وقت آگیا، اپوزیشن اتحاد کی مودی کیخلاف تقریریں

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

نریندر مودی
(فوٹو: آن لائن)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

بھارت کے تاریخی شہر امروہہ میں اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں نے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف تقریریں کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمراں جماعت بی جے پی کی رخصتی کا وقت آگیا ہے۔

بھارتی پرنٹ میڈیا (روزنامہ اردو ٹائمز) کی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے امروہہ میں نریندر مودی کے خلاف ریلی سے خطاب کیا۔ اس موقعے پر اپنے خطاب میں اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی عوام کو ڈلیور کرنے میں ناکام رہی ہے اور اب اس کی رخصتی کا وقت آچکا ہے۔ امروہہ کے عوام ڈھولک بجا کر بی جے پی کی رخصتی یقینی بنائیں۔

خطاب میں اکھلیش یادو  نے کہا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی جو گارنٹی دیتے ہیں، وہ گارنٹی نہیں بلکہ گھنٹی ہے۔ ہماری اور بی جے پی پلس آر ایس ایس کی لڑائی دو نظریات کی جنگ ہے جس میں فتح اپوزیشن کی ہوگی۔ بھارتی عوام سب کچھ سمجھ چکی ہے جبکہ نوجوان بے روزگاری سے پریشان ہیں۔ کسانوں کی بدحالی کی ذمہ دار بھی بی جے پی ہے۔

(فوٹو: روزنامہ اردو ٹائمز، ممبئی)

اس موقعے پر کانگریس رہنما راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مودی حکومت غریبوں کیلئے نہیں سوچتی۔ اپوزیشن جب حکومت بنائے گی تو ہم ہر غریب خاتون کو سالانہ 1 لاکھ روپے دیں گے۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگاردیا جائے گا۔ انڈیا اتحاد کی حکومت آئی تو اگنی ویر منصوبہ ختم کردیں گے۔ ذات پر مبنی مردم شماری کرائیں گے تاکہ عوام کو مناسب حصے داری مل سکے۔

راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا مجھے اور اکھلیش یادو کو ٹی وی پر نہیں دِکھاتا لیکن نریندر مودی کو پندرہ پندرہ گھنٹے دکھایا جاتا ہے تاہم اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انڈیا اتحاد کی آندھی میں بی جے پی کی حکومت اُڑ جائے گی۔ کمال کی بات یہ ہے کہ نریندر مودی جیسے کورونا کو بھگانے کیلئے تالی اور تھالی بجانے والے گارنٹی دے رہے ہیں۔

Related Posts