کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہر کی اہم شاہراہوں پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز پر 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنانا اور سڑکوں پر حادثات کی شرح کو کم کرنا ہے۔
بدھ کے روز جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کے ایم سی نے واضح کیا کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کے خلاف سمت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس قانون پر عملدرآمد کی ذمہ داری سٹی وارڈنز کو سونپی گئی ہے جو خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ کریں گے۔
اس تجویز کو باقاعدہ قانونی شکل دینے کے لیے آئندہ سٹی کونسل اجلاس میں قرارداد پیش کی جائے گی، جس کی منظوری کے بعد اس پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔
یہ اقدام میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر اٹھایا جا رہا ہے، جن کی سربراہی میں کام کرنے والی کراچی ٹاسک فورس نے اس قانون سازی کی حمایت کی ہے۔
میئر مرتضیٰ وہاب نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ون وے قوانین کی خلاف ورزی نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ کو متاثر کرتی ہے بلکہ جان لیوا حادثات کا بھی سبب بنتی ہے، اس لیے اس پر سختی سے عملدرآمد ناگزیر ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور نفاذ کرنے والے عملے سے بھرپور تعاون کریں تاکہ کراچی کی سڑکیں سب کے لیے محفوظ بنائی جا سکیں۔