مسقط:عمان میں ٹی 20 ورلڈکپ کاآغاز ہوگیا ہے، میچ کا آغاز ہونے سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، افتتاحی میچ میں میزبان عمان کی ٹیم نے پاپوا نیوگنی کو 10وکٹوں سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔
ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں میزبان عمان کی جانب سے پاپوا نیو گنی کے خلاف ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی گئی تھی، میچ میں شائقین کرکٹ میں بھرپور جو ش و خروش پایا گیا۔
پہلے کھیلتے ہوئے پاپوا نیوگنی نے 129رنز بنائے، کپتان اسد والا 56 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، چارلس امینی 37، سیزی باؤ 13 رنز بنا کر آؤٹ رہے جبکہ عمان کے ذیشان مقصود 4، بلال خان اور کلیم اللہ کی 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
عاقب الیاس50اور جیتندر سنگھ73رنز بناکر ناقابل شکست رہے،130رنز کا ہدف میزبان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے13اعشاریہ 4اوورز میں حاصل کرلیا۔
واضح رہے کہ آج امارات کے میدان میں کھیلے جانیوالے ایونٹ کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش اور اسکاٹ لینڈ مد مقابل ہوں گے، دبئی میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے تما م کوویڈ ٹیسٹ منفی آگئے ہیں، کل ویسٹ انڈیز کیخلاف وارم اپ میچ کھیلیں گے۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی اور عالمی کپ دو مرحلوں میں کھیلا جائے گا، پہلے مرحلے کا آغاز آج سے ہو رہا ہے جس میں 8 ٹیمیں مدمقابل ہیں۔
پہلے راؤنڈ کے گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور نمیبیا شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ، پاپوانیوگنی اور میزبان اومان شامل ہیں، دونوں گروپس سے ٹاپ ٹو ٹیمیں سپر 12 کے لئے کوالیفائی کریں گی۔
سپر 12 کے گروپ 1 اور گروپ 2 میں پہلے سے 8 ٹیمیں موجود ہیں جس میں گروپ اے میں انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ 2 میں پاکستان کے ساتھ بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان سے میچ کو عام میچ کی طرح سمجھیں گے، ویرات کوہلی