کراچی: آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ کے ضلع خیرپور سے تیل اور گیس کے وسیع ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے خیرپور کے کھیواڑی بلاک سے ہائیڈروکاربن کے نئے ذخائر دریافت کیے ہیں جن سے ملک کی مجموعی تیل اور گیس کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔
پیر کےر وز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو موصول نوٹس میں یہ خوشخبری سامنے آئی کہ او جی ڈی سی ایل نے کھیواڑی ایکسپلوریشن لائسنس ایریا کے کنویں کھارو 1 سے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کیے ہیں۔
خیرپور میں تیل اور گیس کے ذخائر کھارو 1 کی 3 ہزار 762 میٹر تک کھدائی کے بعد دریافت ہوئے۔ ابتدائی ٹیسٹ سے پتہ چلا کہ ذخائر سے یومیہ 1 کروڑ 43 لاکھ کیوبک فٹ گیس کی پیداوار متوقع ہے۔
ذخائر سے 93بیرل یومیہ خام تیل (کروڈ آئل) کی پیداوار بھی متوقع ہے۔ تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی دریافت سے ملک کو تیل اور گیس کی مد میں کروڑوں ڈالرز کی بچت کی امید ہے جس سے توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔