مارکیٹ میں ملاوٹ شدہ ایل پی جی کی فروخت کے باعث ہزاروں افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑگئیں، اوگرا نے بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کردیا، درجنوں کمپنیوں کے نمونے اور ملاوٹ شدہ کیمیکلز سے بھرے کنٹینر ضبط کرلئے گئے۔
رپورٹس کے مطابق اوگرا کو ملاوٹ شدہ ایل پی جی کی شکایات موصول ہوئیں، جس کے بعد ناقص معیار کی ایل پی جی غیر معیاری سلنڈرز میں فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا۔ خصوصی ٹیموں نے پنجاب اور سندھ بھر میں آپریشن کیے، متعدد کمپنیوں کو پکڑا اور ملاوٹ شدہ کیمیکلز ضبط کیے۔
ذرائع کے مطابق ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کی جانب سے اس مسئلے کی اطلاع دی گئی جس پر اوگرا کے چیئرمین نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔
تحقیقات سے پتہ چلا کہ ایل پی جی میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی ملاوٹ کی جا رہی تھی جو ایل پی جی باؤزرز سے نکالی گئی تھی۔ اوگرا نے ملاوٹ کرنے والے پلانٹس اور کاربن ڈائی آکسائیڈ سے بھرے کنٹینرز کو ضبط کر لیا۔
مریم نواز کی فیک نازیبا تصاویر بنانے والا ملزم پکڑا گیا، انجام کیا ہوگا؟
چیئرمین عرفان کھوکھر نے وضاحت کی کہ ایل پی جی میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی ملاوٹ سلنڈر کے دباؤ کو 900 سے بڑھا کر 1200 پی ایس آئی تک لے جاتی ہے جبکہ معیاری ایل پی جی سلنڈرز صرف 540 پی ایس آئی دباؤ برداشت کر سکتے ہیں۔
اس غیر معیاری عمل کے نتیجے میں لاہور سمیت ملک بھر میں سلنڈرز کے پھٹنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔
ایل پی جی کی قیمت 300 روپے فی کلوگرام مقرر ہے لیکن کچھ ڈسٹری بیوٹرز اس میں کاربن ڈائی آکسائیڈ ملا رہے ہیں جو صرف 15 روپے فی کلوگرام پڑتی ہے، تاکہ منافع میں اضافہ کیا جا سکے۔ اس غیر قانونی عمل سے روزانہ لاکھوں روپے کمائے جا رہے ہیں۔
اوگرا نے ضبط شدہ ملاوٹ شدہ ایل پی جی باؤزرز اور پلانٹس سے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے لیے بھیجے ہیں۔ پانچ ایل پی جی کمپنیوں پر پہلے ہی 500000 روپے فی کمپنی جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے، اور دیگر کمپنیوں پر بھی بھاری جرمانے لگانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے جن کے نمونے زیر تفتیش ہیں۔
عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اوگرا نے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کے تعاون سے مارکیٹ میں فروخت شدہ ملاوٹ شدہ ایل پی جی کی واپسی کے اقدامات بھی کیے ہیں۔