میئر نے ڈنڈا اٹھا لیا، اب کوئی کراچی کی سڑکوں پر کچرا پھینک کر دکھائے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فوٹو ڈان

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہرمیں گندگی پھیلانے والوں کے خلاف بڑی کارروائی کی تیاریاں کرلیں، سڑکوں اور شاہراہوں پر کچرا پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی اور جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ 

میئر کراچی مرتضی وہاب نے شہر میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال اور اس حوالے سے بڑھتی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن کو اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کا ٹاسک دیدیا ہے۔

میئر کراچی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن خلیق الرحمٰن نے ایک آرڈر کے ذریعے تمام میونسپل انسپکٹرز کو شہر میں کچرا پھیلانے والے عناصر کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے اور اس حوالے سے پہلے مرحلے میں شہر کے کمرشل اور انڈسٹریل زون کا سروے شروع کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے ایسے مقامات جہاں صفائی ستھرائی کا فقدان ہے اس کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا کہ کس کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث صفائی ستھرائی کے مسائل درپیش ہیں۔

اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن کاظم مصطفے کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جو سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن کے افسران اور انسپکٹرز کے درمیان رابطے میں  ہوں گے۔

محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن نے شہر کے اہم علاقے کالعدم ضلع جنوبی سے اپنے کام کا آغاز کردیا ہے جبکہ شہر کے مصروف کاروباری علاقوں، ریستورانوں اور مارکیٹوں کا سروے شروع کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں ان علاقوں میں موجود کچرا کنڈیوں اور کوڑے دانوں سے بروقت کچرا اٹھایا جارہا ہے یا نہیں اس کا جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ شہریوں،دکانداروں اور مارکیٹوں کی یونینوں کو کچرا کوڑے دانوں میں ڈالنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔

Related Posts