گلے شکوے دور، نعمان نیاز اور شعیب اختر میں پھر سے دوستی ہوگئی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Noman Niaz and Shoaib Akhtar became friends again

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلرشعیب اختر اور ٹی وی میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان پھر سے صلح ہوگئی۔

سرکاری ٹی وی کے اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر سے غیر مشروط معافی مانگ لی جس کے بعد دونوں نے گلے مل کر شکوے دور کرلئے۔

ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر کی ملاقات وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کے گھر پر ہوئی، فواد چوہدری نے نعمان نیاز کو بلایا جبکہ شعیب اختر کو سینئر صحافی سلیم صافی لے کرآئے۔

ملاقات کے بعد شعیب اختر اور نعمان نیاز گلے ملے اور اپنے ویڈیو پیغام میں ٹی وی میزمان نے دوبارہ معافی مانگی جبکہ شعیب اختر کا کہنا تھاکہ معاملہ ختم ہوگیا۔

مزید پڑھیں:پی ٹی وی کے پروگرام گیم آن ہے کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کون ہیں؟

واضح رہے کہ سرکاری ٹی وی چینل پر ٹی وی میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے غیر ملکی کرکٹ اسٹارز کی موجودگی میں شعیب اختر سے تلخ کلامی کی اور براہِ راست پروگرام سے اٹھ کر چلے جانے کا کہہ دیا تھا جس کے بعد شعیب اختر نے انہیں معذرت کا موقع دیا۔

بریک پر جانے کے بعد شعیب اختر نے تھوڑی دیر تک گفتگو جاری رکھی تاکہ ڈاکٹر نعمان نیاز کو معذرت کا موقع مل جائے، تاہم ٹی وی میزبان نے شعیب اختر سے معافی نہیں مانگی جس پر راولپنڈی ایکسپریس نے لائیو پروگرام کے دوران استعفیٰ دے دیا۔

شعیب اختر نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ٹی وی سے مستعفی اس لیے ہوا تاکہ آئندہ کسی اور کرکٹ اسٹار کو ایسی بات نہ سننی پڑے۔ قومی ستاروں کے ساتھ اس طرح بات کرنا مناسب نہیں ہے، تاہم میں اپنے دل میں کسی کیلئے نفرت نہیں رکھتا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے واقعے کے بعد 1 گھنٹے تک انتظار کیا تاکہ کوئی معذرت کرنا چاہے تو کر لے اور بات ختم ہوجائے لیکن ایسا نہیں کیاگیا۔ ڈاکٹر نعمان نیاز کا کہنا ہے کہ لائیو پروگرام میں جو کچھ ہوا اور جو ردِ عمل سامنے آیا وہ بالکل درست سمجھتا ہوں۔

ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ میری شعیب اختر سے تلخ کلامی کی وجہ کچھ بھی ہو، مجھے براہِ راست پروگرام کے دوران یہ کہنے کا حق نہیں پہنچتا، اپنی غلطی پر ایک بار نہیں، ہزار بار معذرت کرتا ہوں۔ شعیب اختر نے نعمان نیاز کو معاف کردیا۔

Related Posts