خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، بیگم ثمینہ علوی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

No nation can develop without women's participation: Begum Samina Alvi

اسلام آباد :خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، خواتین باوقار طریقے سے مردوں کے شانہ بشانہ ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے پیر کو پاکستان خواتین محفل مشاعرہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خواتین ارکان پارلیمنٹ، خواتین شعرا، سول سوسائٹی کے نمائندے اورطلبہ و طالبات بھی موجود تھے۔

سیکرٹری ویمن پارلیمنٹری کاکس منزہ حسن اور اسلام آباد گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد نے بھی خطاب کیا۔

بیگم ثمینہ علوی نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے مشاعرے کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، یہ خواتین ہمارا فخر ہیں، ان کی جدوجہد اور کامیابیاں لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن خواتین کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے، موجودہ حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں نمایاں پیشرفت کی گئی ہے، صدر مملکت اور وزیراعظم خواتین کے حقوق کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے اور معاشرے میں باوقار مقام دلانے کیلئے پر عزم ہیں۔

بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ خواتین کو معاشرے میں اپنا مقام حاصل کرنے کیلئے خود کو مضبوط ثابت کرتے ہوئے باوقار طریقے سے آگے بڑھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی اس لئے ضروری ہے کہ وہ باوقار طریقے سے مردوں کے شانہ بشانہ ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے معاشرتی ناہمواریوں کی شکار خواتین کا خصوصی خیال رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صاحب حیثیت اور صاحب اختیار خواتین کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے حکومت نے آسان قرضوں اور احساس پروگرام جیسی سہولیات متعارف کروائے ہیں جن سے استفادہ کرنے کیلئے ان کی مناسب رہنمائی کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:خواتین کا عالمی دن، چیئرمین نادرا کا ہفتہ وار حقوق خواتین منانے کا اعلان

بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی مہم کامیابی سے جاری ہے اور اس کے حوصلہ افزا نتائج حاصل ہوئے ہیں، اب بریسٹ کینسر کی ابتدائی مرحلے پر تشخیص کے رحجان میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں اس موذی مرض سے صحت یاب ہونے کے امکانات بھی بڑھیں گے۔ انہوں نے خصوصی افراد کی بہبود کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

قبل ازیں منزہ حسن نے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب خواتین کی جرات، ہمت اور بہادری کے اعتراف کے طور پر منعقد کی گئی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے شرکا کو ویمن کاکس کی جانب سے خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے بریسٹ کینسر کے خلاف مہم کی قیادت کرنے پر بیگم ثمینہ علوی کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر محمد امجد نے اپنی تنظیم کی جانب سے خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

مشاعرے میں خواتین شعراء نے اپنا کلام پیش کیا۔ آخر میں خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کورونا کی وبا کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی خواتین میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

Related Posts