تحریک عدم اعتماد کامیاب، پی سی بی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے اشارے

تحریک عدم اعتماد کامیاب، پی سی بی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے اشارے

لاہور: اپوزیشن اتحاد کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پی سی بی میں بھی اعلیٰ پیمانے پر تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔

با خبر ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد پی سی بی میں تبدیلیاں یقینی ہیں، موجودہ صورتحال کے پیش نظر چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے قریبی دوستوں اور پی سی بی میں اپنے ساتھیوں سے مشاورت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹ جانے کے بعد رمیز راجا اپنے عہدے پر برقرار رہنے کے حق میں نہیں ہیں۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بعد چیئرمین پی سی بی رمیز راجا اپنے مستقبل کے حوالے سے اہم اعلان کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ رمیز راجا سی ای او اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کے ہمراہ آئی سی سی میٹنگز کے لیے دبئی میں موجود ہیں جبکہ آئی سی سی میٹنگز کا آج دبئی میں آخری دن ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین کے مقرر کردہ افراد کا مستقبل بھی روشن نہیں ہے،کل سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران پی سی بی میں اعلیٰ سطح پر تبدیلیوں کا قوی امکان ہے جبکہ چیئر مین پی سی بی عہدے سے الگ ہونے کا ذہن بنا چکے ہیں۔

دوسری جانب یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرن ان چیف پاکستان کرکٹ کی حیثیت سے رمیز راجا اور اسد علی خان کی گورننگ بورڈ کے لیے نامزدگیاں کی تھیں۔

مزید پڑھیں: ایشیاء کپ کی سری لنکا سے کسی دوسرے ملک منتقلی کا امکان بڑھ گیا

ذرائع کے مطابق عمران خان کے برطرف ہونے کے بعد پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلی متوقع ہے، جبکہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کی راہیں بھی ہموار ہوسکتی ہیں۔

تبصرے: 0

آپ کا ای میل پتہ شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز * کے ساتھ نشان زد ہیں