معروف بھارتی ٹی وی ڈرامہ یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے میں کام کرنے والے معروف اداکار کرن مہرا کی شریکِ حیات نشاء راول نے اپنے شوہر پر بے وفائی کا الزام عائد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرن مہرا کی بیوی نشاء راول نے اپنے شوہر پر جسمانی تشدد کا الزام عائد کیا جس کے بعد مئی کے آخر میں کرن مہرا کو گرفتار کیا گیا۔میڈیا کے مطابق کرن نے گھریلو جھگڑے کے باعث بیوی کو دھکا دے دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرن مہرا نے اداکارہ نشاء راول کو مبینہ طور پر دھکا دے کر زخمی کردیا۔ سر پر چوٹ آنے کے بعد نشاء نے پولیس میں رپورٹ درج کرادی۔ 31مئی کو گورے گاؤں پولیس نے کرن مہرا کو حراست میں لے لیا۔
بعد ازاں کرن مہرا ضمانت پر رہا ہو گئے۔ دونوں میاں بیوی کی شادی 9 برس قبل ہوئی تھی جو 14 برس سے آپس میں تعلقات رکھتے ہیں۔ شادی کے نتیجے میں دونوں کے ہاں ایک بیٹا بھی پیدا ہوا جس کی عمر 4 برس ہے۔
مارچ کے دوران دونوں میاں بیوی نے علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا۔ گزشتہ ماہ کرن مہرا نے ازدواجی زندگی میں پیش آنے والے مسائل کو افواہ قرار دے کر مسترد کردیا مگر حالیہ واقعے کے بعد دونوں فنکاروں کے مداحوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
اداکار کرن مہرا کی بیوی نے شوہر پر بے وفائی کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک پریس کانفرنس کے دوران کرن کے کسی دوسری خاتون سے معاشقے کا انکشاف کیا۔ خود پر لگائے گئے نفسیاتی مریضہ ہونے کے الزام کو نشاء نے مسترد کردیا۔
پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نشاء نے کہا کہ مجھے 2014ء میں بائی پولر ڈس آرڈر کی شکایت تھی، اسقاطِ حمل بھی ہوا اور بات چیت کیلئے کرن سے رابطہ نہیں تھا جس کے نتیجے میں ہم مکمل طور پر الگ تھلگ ہوگئے۔
دورانِ گفتگو نشاء نے شوہر کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا سر خود دیوار سے نہیں پٹخا تھا۔ کیا میں خود اداکارہ ہونے کے باوجود ایسی حرکت کرسکتی ہوں کیونکہ چہرہ ہی ایک فنکارہ کے کیرئیر میں سب سے قیمتی سمجھا جاتا ہے۔
نشاء راول نے کہا کہ میرا ایک بچہ بھی ہے۔ مجھ سے ایسی کسی حرکت کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ اپنے بچے کیلئے میں کرن مہرا جیسا باپ نہیں چاہتی جو بداخلاق ہو۔ اگر کسی پرائی عورت کے ساتھ مراسم ہیں تو اس کا اعتراف کرکے الگ ہوجانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو معاملات زیادہ خراب کرنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہئے۔ گزشتہ روز کرن پلاٹ سے ہاتھ دھو بیٹھا اور پہلی بار میں نے وہ کہا جو محسوس کررہی تھی جس پر میرے شوہر نے میرا سر دیوار پر دے مارا۔ شاید اسے بھی پتہ نہیں تھا کہ غصہ قابو سے باہر ہوجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسراء بلجیک کی اپنی ساتھی اداکارہ ایجگی اسماء کو سالگرہ کی مبارکباد