کراچی: نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (قومی ادارہ برائے صحت اطفال) سے 5 دن کی بچی کو ایک نامعلوم عورت اٹھا کر لے گئی۔ بچی کے والد ابراہیم نیازی کے مطابق بچی کی ماں اغوا کے وقت اس کے ساتھ نہیں تھی۔
بچی کے والد ابراہیم نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بچی کی پیدائش لیاری جنرل ہسپتال میں آپریشن کے ذریعے ہوئی تھی، تاہم کمزور ہونے کی وجہ سے اسے این آئی سی ایچ لانا پڑا جبکہ آپریشن کے باعث بچی کی والدہ لیاری ہسپتال میں ہی رہ گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: حافظ آباد میں بچوں سے بدفعلی کے الزام میں ایک شخص گرفتار، چار ملزمان فرار
بچی کے والد نے کہا کہ بچی کی دادی مسلسل اس کی نگہداشت کے لیے اس کے ساتھ رہیں تاہم شام کے وقت وہ اس کے ساتھ نہیں رہ پائیں کیونکہ وہ بچی کو دیکھنے آنے والے رشتہ داروں کو چھوڑنے کے لیے اسپتال کے گیٹ تک چلی گئی تھیں۔
جب بچی کی دادی اسپتال کے وارڈ میں پہنچیں تو بچی کو نہ پا کر شور مچا دیا جس سے ہسپتال میں ہنگامہ شروع ہوگیا۔ ڈیوٹی نرس کا کہنا ہے کہ بی بی زینت کے نام سے آنے والی ایک بھاری بھرکم عورت خود کو بچی کی والدہ ظاہر کرکے اسے ساتھ لے گئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک ادھیڑ عمر خاتون کی شکل محفوظ ہو گئی ہے جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے جلد اغوا کار کو گرفتار کر لیا جائے گا اور بچی بازیاب کرائی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شہر قائد میں رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران 8 ملزمان کو حراست میں لے کر ان سے منشیات، اسلحہ اور مختلف چوری اور ڈاکے کی وارداتوں کے دوران چھینا گیا سامان برآمد کر لیا۔
سندھ رینجرز کے مطابق سجاد خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس پر قتل کا الزام ہے جبکہ کراچی کے علاقوں سعید آباد، گلشن اقبال اور سعید آباد سے مختلف جرائم میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: شہرِ قائد میں رینجرز کا سرچ آپریشن، 8 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد