نیوزی لینڈ نے ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کو 43رنز سے شکست دے کر وائٹ واش کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ نے 42اوورز میں 264 رنز بنا کر پاکستان کو جیتنے کیلئے 265رنز کا ہدف دے دیا جبکہ کیویز کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
نیوزی لینڈ کو بارش کے باعث گیلی آؤٹ فیلڈ سے متاثرہ میچ کے باعث اننگ 42اوورز میں ختم کرنا پڑی۔ کپتان مائیکل بریسویل 59 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید نے 4 اور نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
بعد ازاں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن امام الحق اننگز کی ابتدا ہی میں بیٹنگ کے دوران فیلڈر کی تھرو کی ہوئی گیند چہرے پر لگنے کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔ابتدائی 13اوورز میں پاکستان نے 59رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 73، دوسری 97، تیسری 108، چوتھی 135 جبکہ پانچویں 169کے مجموعی اسکور پر گری جب عبداللہ شفیق 33، عثمان خان 12، بابر اعظم 50، سلمان علی آغا 11 جبکہ کپتان محمد رضوان 37رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
وکٹیں گرنے کا یہ سلسلہ جاری رہا اور 176 کے مجموعی اسکور پر فہیم اشرف 3، 212 کے مجموعی اسکور پر نسیم شاہ 17، محمد وسیم کوئی رن بنائے بغیر، 218 کے مجموعی اسکور پرطیب طاہر 33 جبکہ بولر سفیان مقیم 221 کے مجموعی اسکور پر 2رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔