نیٹ فلکس نے اپنی آنے والی ویب فلم “ٹیسٹ” کا آفیشل ہندی ٹریلر جاری کر دیا ہے جو اپنی دلچسپ کہانی اور معروف اداکاروں کی موجودگی کی وجہ سے شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
فلم میں آرمادھون، نین تارا، سدھارتھ اور میرا جیسمین مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم ذاتی جدوجہد اور سنسنی خیز کرکٹ کہانی کو آپس میں جوڑتی ہے۔
ٹریلر میں تین اہم کرداروں کی پیچیدہ زندگیوں کو دکھایا گیا ہے، مادھون ایک ایسے شوہر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو شدید معاشی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔
نین تارا ان کی اہلیہ کے روپ میں نظر آئیں گی، جو ماں بننے کی خواہش رکھتی ہیں لیکن صحت کے مسائل سے دوچار ہیں۔سدھارتھ ایک پروفیشنل کرکٹر کے طور پر بھارتی ٹیم کا نمایاں بلے باز ہیں۔
فلم کی کہانی میں ایک دلچسپ موڑ تب آتا ہے جب سدھارتھ کا کردار بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے ہائی اسٹیک ٹیسٹ میچ میں شامل ہوتا ہے، جہاں اربوں روپے کی غیر قانونی سٹہ بازی کی جا رہی ہے۔
ٹریلر میں کئی نظریات کو چھیڑا گیا ہے لیکن کہانی کے انجام کے بارے میں کچھ زیادہ افشا نہیں کیا گیا جس نے شائقین کو مزید تجسس میں مبتلا کر دیا ہے۔ فلم میں اخلاقی کشمکش، ذاتی عزائم اور جذباتی بحران جیسے پہلوؤں کو ایک اہم کرکٹ میچ کے پس منظر میں پیش کیا جائے گا۔
فلم کے ہدایت کار ایس ساشی کانت ہیں جو نہ صرف کرکٹ کی دنیا بلکہ زندگی کے سخت ترین چیلنجز سے نمٹنے کے انسانی پہلو کو بھی اجاگر کریں گے۔
ٹریلر نے کہانی کی کئی پرتوں کو پوشیدہ رکھا ہے جس سے شائقین کو ایک سسپنس اور جذباتی اتار چڑھاؤ سے بھرپور فلم کی امید ہے۔
فلم “ٹیسٹ” کا آفیشل ٹریلر یوٹیوب پر دستیاب ہے جبکہ یہ 4 اپریل کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔