اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 23 مارچ کو ہونے والی یوم پاکستان پریڈ کے سلسلے میں دارالحکومت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔
ٹریفک کی روانی اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے 22 مارچ دوپہر 12 بجے سے 23 مارچ سہ پہر 3 بجے تک بھاری ٹریفک کے اسلام آباد میں داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔
پلان کے مطابق 23 مارچ کو صبح 6 بجے سے دوپہر 1 بجے تک سری نگر ہائی وے کو سیونتھ ایونیو سے کڈیانوالہ چوک تک دونوں اطراف سے بند رکھا جائے گا۔
بھارہ کہو جانے والے مسافر سیونتھ ایونیو، پاک چائنا روڈ، راول ڈیم چوک، کشمیر چوک اور کلب روڈ استعمال کریں۔سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس وے پر ٹریفک میں رکاوٹیں متوقع ہیں۔
پشاور سے لاہور جانے والی بھاری ٹریفک کو ٹیکسلا موٹر وے یا فتح جنگ موٹر وے کے راستے ترنول پھاٹک کی طرف جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور سے جی ٹی روڈ کے ذریعے اسلام آباد اور راولپنڈی آنے والی بھاری ٹریفک چک بیلی روڈ اور چکری موٹر وے کا راستہ اختیار کرے۔
پشاور سے جی ٹی روڈ کے ذریعے راوت جانے والے مسافر ٹیکسلا موٹر وے، چکری، چک بیلی روڈ اور راوت کا راستہ اختیار کریں۔ لاہور سے جی ٹی روڈ کے ذریعے پشاور جانے والے مسافر راوت، چک بیلی روڈ، چکری اور ٹیکسلا موٹر وے کے راستے سفر کریں۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن ذیشان نے کہا کہ شہریوں کی رہنمائی کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار مختلف مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ سفر کے دوران کسی بھی پریشانی کی صورت میں آئی ٹی پی ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں اور ایف ایم 92.4 پر براہ راست ٹریفک اپڈیٹس حاصل کریں۔