لندن : لندن میں علاج کے لیے مقیم سابق وزیراعظم نوازشریف دل کا معائنہ کرانے کیلئے لندن برج اسپتال پہنچے جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ لئے گئے، طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم کو اسپتال میں داخل ہونے کی تجویز دے دی۔
نوازشریف لندن میں علاج کی غرض سے 19 نومبر سے موجود ہیں اوراس دوران وہ 3 بار طبی معائنے کے لیے گھرسے باہرنکلے ہیں۔دو روز قبل لندن کے یونیورسٹی اسپتال میں دل کے ماہر معالج ڈاکٹر لارنس نے نوازشریف کا طبی معائنہ کیا تھا۔
اس حوالے سے نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نے ڈاکٹر لارنس سے یونیورسٹی کالج اسپتال (ہارٹ اسپتال) میں دل کا معائنہ کرایا، ان کو دل سے متعلق ٹیسٹ اور علاج کا روڈمیپ دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر عدنان کے مطابق ڈاکٹر لارنس گائز اسپتال کے ہیماٹو لجسٹس کی معاونت سے نواز شریف کا علاج کریں گے، ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے نواز شریف کو اسپتال میں داخل ہونے کی ہدایت کی ہے، نواز شریف کا پی ای ٹی اسکین جمعرات کو ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کے دماغ کو خون پہنچانے والی شریان 80فیصد بند ہے، ڈاکٹرز