لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہاہے کہ ڈیل کی باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، نواز شریف کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہے، جو علاج پاکستان میں میسر تھا وہ فراہم کیا گیا اب ان کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں ، پوری دنیا میں جہاں بھی ان کا علاج ممکن ہے انہیں ضرور جانا چاہیے۔
احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سروسز اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے بھی نواز شریف کو باہر جا نے کا مشورہ دیا ہے جبکہ ہمارے میڈیکل بورڈ نے بھی یہ تجویز دی ہے ۔نواز شریف کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے اور پوری دنیا میں جہاں بھی ان کا علاج ممکن ہے انہیں علاج کرانا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہو گی کہ میں نواز شریف کے ساتھ جاؤں لیکن اس وقت میرا پاسپورٹ عدالت کے پاس ہے ۔اگر وہ علاج کے لئے چلے جائیں اور میں نہ جا سکوں تو میرے لئے بڑا مشکل ہوگا۔
اس وقت تو نواز شریف کے بیرون ملک علاج کے حوالے سے انتظامات کو چچا محمد شہباز شریف دیکھیں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ سیاست پوری زندگی چلتی رہے گی ،میں ایک سال پہلے اپنی ماں کو کھو چکی ہوں ،والدین دوبارہ نہیں ملتے۔
یہ بھی پڑھیں: علاج کے لیے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیرونِ ملک روانگی آئندہ ہفتے متوقع