قومی انسدادِ پولیو مہم آج سے شروع، کہاں کتنے بچوں کو قطرے پلائے جائینگے؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

انسدادِ پولیو مہم
(فوٹو: آن لائن)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ قومی انسدادِ پولیو مہم آج سے شروع ہوگئی ہے، ذیلی انسداد پولیو مہم اسلام آباد اور چاروں صوبوں میں چلائی جارہی ہے۔

نجی ٹی وی (دنیا نیوز) کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز آج ہوا جس میں 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ ملک بھر میں 5 سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلوانا قومی ذمہ داری قرار دے دی گئی۔

نیشنل ہیلتھ سروسز کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ کا کہنا ہے کہ پاکستانی مائیں 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں، ہائی رسک اضلاع میں پولیو مہم کا انعقاد باقاعدگی سے جاری ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن کے کو آرڈی نیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ “4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز مہم میں حصہ لے رہے ہیں، ملک بھر کے 91 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم شروع ہوچکی ہے” جس میں سندھ کے 24 اضلاع شامل ہیں۔

کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے خصوصی پولیو مہم کا افتتاح کیا اور گلشنِ اکاخیل، گڈاپ ٹاؤن میں نئی تعمیر شدہ ڈسپنسری میں 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔

مہم کے آغاز کے موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم سندھ کے 24اضلاع میں شروع ہوچکی ہے، آج سے 3مئی تک جاری مہم میں صوبے کے 80 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف پورا کرنا ہے۔

خیبر پختونخوا میں پولیو کے خلاف مہم  آج سے شروع ہوگئی۔ پہلے مرحلے میں صوبے کے 22 اضلاع میں بچوں کو قطرے پلانے کا سلسلہ جاری ہے۔ پہلا مرحلہ آج سے 3 مئی تک جاری رہے گا۔

اس حوالے سے ای او سی کا کہنا ہے کہ انسدادِ پولیو مہم کے پہلے مرحلے کے اختتام کے بعد دوسرا مرحلہ 2 مئی سے 6 مئی تک صوبے کے 5 اضلاع میں جاری رہے گا اور انسدادِ پولیو مہم میں 21 ہزار پولیو ورکرز حصہ لیں گے۔

ای او سی کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں 44 لاکھ 23 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صوبے بھر میں سکیورٹی کیلئے 33 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے۔

اسی طرح صوبہ پنجاب کے 10 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم آج سے شروع ہوگی جن میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، راجن پور، ڈی جی خان، میانوالی، رحیم یار خان، اوکاڑہ اور شیخوپورہ شامل ہیں۔

بلوچستان کے 30 اضلاع میں 7روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ کو آرڈی نیٹر ای او سی زاہد شاہ کا کہنا ہے کہ پولیو مہم کے دوران صوبے کے 23 لاکھ 95 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

زاہد شاہ کے بیان کے مطابق 10 ہزار سے زائد ٹیمیں گھرگھر جا کر 5سال سے کم عمر بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ پولیو ورکرز اور والدین کا تعاون بچوں کو ہمیشہ کی معذوری سے بچانے کا سبب بنے گا۔

Related Posts