کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور ملک کے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 41 ویں برسی آج پورے ملک میں منائی جارہی ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھٹو اب بھی عوام کے دلوں پر راج کر رہا ہے، آصف زرداری نے کہا کہ بھٹو نے عوام کو ان کے حقوق سے آگاہی دے کر استحصالی قوتوں کو شکست دی تھی۔
آصف علی زرداری کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کی خدمت اور ان کے حقوق دلانے کے لئے سیاست کا استعمال کیا اورپیپلز پارٹی نے ہمیشہ ان کے فلسفے پر عمل کیا۔
آصف علی زرداری نے عہد کیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے منشور پر عمل کرکے ملک کو جہالت ، غربت اور افلاس سے نکالیں گے اور ملک میں ترقی اور خوشحالی لائیں گے۔
اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور پیپلزپارٹی کے موجودہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ناناکے 41 ویں یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حقیقی قائدین قوموں کی تقدیر بدل دیتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ذوالفقارعلی بھٹو کے اہم کارنامے