کراچی میں نسلہ ٹاور کی بلند و بالا رہائشی عمارت گرانے کیلئے تیاریاں جاری ہیں جبکہ رہائشی افراد نے بلڈنگ خالی کرکے اپنا سامان دیگرجگہوں پر منتقل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نسلہ ٹاور میں صرف ایک گھر کے سوا تمام ہی اپارٹمنٹس کے رہائشیوں نے نقل مکانی کرلی۔ رہائشی افراد نے تمام اپارٹمنٹس خالی کردئیے۔ ایک گھر کا صرف سامان دوسری جگہ منتقل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔
سپریم کورٹ کا نسلہ ٹاور کے بعد تجوری ہائٹس بھی گرانے کا حکم
نسلہ ٹاور،قائمہ کمیٹی نےسپریم کورٹ کو فیصلے پر نظر ثانی کیلیے خط لکھ دیا
ڈی سی کراچی کے مطابق 28 اکتوبر سے نسلہ ٹاور کا قبضہ شہری انتظامیہ کو مل چکا ہے، عمارت کو دھماکے سے گرانے کیلئے مقامی اخبارات میں اشتہارات شائع کردئیے گئے جس کے بعد خواہش مند کمپنیاں انہدام پر آمادگی ظاہر کریں گی۔
ذرائع کے مطابق نسلہ ٹاور کو گرانے کیلئے کسی کمپنی کی طرف سے اظہارِ آمادگی سامنے نہ آنے کی صورت میں عمارت کی توڑ پھوڑ معمول کے طریقۂ کار کے تحت شروع کی جاسکتی ہے جبکہ سپریم کورٹ قریبی عمارات کو نقصان پہنچانے کے حق میں نہیں۔
کمشنر کراچی نے نسلہ ٹاور گرانے کیلئے ٹھیکہ دینے سے متعلق 8 رکنی کمیٹی قائم کی ہے۔ کمیٹی اراکین رہائشی عمارت کے انہدام کیلئے خواہش مند کمپنیوں میں سے مناسب ترین کمپنی کا انتخاب کریں گے جو عمارت گرانے کیلئے جدید طریقۂ کار استعمال کریگی۔
چند روز قبل ہی سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کو جدید آلات کی مدد سے بم دھماکہ کرکے گرانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ریمارکس دئیے تھے کہ قریبی عمارات کونقصان نہیں پہنچنا چاہئے۔ شہری انتظامیہ بھارت سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کی مثال سامنے رکھے۔