کراچی :مون سون کی بارشوں کے پیش نظر کراچی کے بڑے برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر تعلیم اورمیئر کراچی وسیم اختر نے شرکت کی۔
اجلاس میں مون سون کی بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی کی صورت حال پر غور کیا گیا، پروجیکٹ ڈائریکٹر کلک اینڈ سوئپ زبیر چنانے اجلاس کو بتایا کہ برساتی نالوں کی صفائی اور لینڈ فل سائٹ جام چاکرو کی بہتری کے لئے ورلڈ بینک 15 ملین ڈالر خرچ کرے گا۔
حکومت سندھ اور کے ایم سی اس سلسلے میں ورلڈ بینک سے معاونت کریں گے، ایک ہفتے میں نالوں کی صفائی اور ان سے کچرا نکالنے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔اس کے علاوہ جام چاکرو میں نالوں سے نکالے گئے کچرے اور کیچڑ کو تلف کرنے کے لئے خصوصی سیل بھی بنایا جائے گا۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام 38 بڑے نالوں کی فہرست کے ایم سی فراہم کرے گی، اس کے علاوہ کے ایم سی اور تمام ڈی ایم سیز کے چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی اور چوکنگ پوائنٹس کھولنے کے لئے ایک فزیبلیٹی رپورٹ تیار کر کے حکومت سندھ کوبھیجی جائے گی، جس میں کے ایم سی اورڈی ایم سی اپنی اپنی ضروریات سے حکومت سندھ کو آگاہ کریں گے تاکہ اس حوالے سے انہیں فنڈز فراہم کئے جاسکیں۔
مزید پڑھیں:کورونا الاؤنس کی عدم فراہمی پر سندھ کے طبی عملے کا احتجاج، ہڑتال کی دھمکی