معروف پاکستانی اداکارہ اور مارننگ شو کی میزبان نادیہ خان حالیہ دنوں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اپنی گفتگو کے باعث سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کر رہی ہیں۔
پروگرام میں نادیہ خان نے پاکستان ایئر فورس کے سینئر افسر ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کو “بھائی” کہہ کر مخاطب کیا، جس پر کئی سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
نادیہ نے گفتگو کے دوران بتایا کہ ایئر وائس مارشل اورنگزیب ان کے شوہر فیصل راؤ کے نہایت قریبی دوست ہیں اور وہ انہیں برسوں سے بھائی کہہ کر پکارتی رہی ہیں۔ انہوں نے ایک پرانی تصویر بھی دکھائی جو 1989 کی تھی، جب ان کے شوہر اور اورنگزیب دونوں فائٹر پائلٹس کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
Amid the rising fame of Air Vice Marshal #AurangzebAhmed following the Pakistan Air Force’s successful Operation Banyan Ul Marsoos, TV host #NadiaKhan has revealed her personal connection with the highly admired officer.https://t.co/Hj3ANM5Myb pic.twitter.com/AsDeWF6l9b
— Business Mirror (@MinuteMirrorpk) May 23, 2025
نادیہ خان نے بتایا کہ ان کی شادی کے بعد شوہر نے بتایا کہ ان کے تین بھائیوں کے ساتھ ساتھ ایک اور بھائی بھی ہیں، جو ایئر فورس میں انتہائی باصلاحیت فائٹر پائلٹ ہیں۔
نادیہ کے مطابق ان کے شوہر اور اورنگزیب احمد گھنٹوں فون پر گفتگو کرتے تھے، اور جب ان کی اورنگزیب اور ان کی فیملی سے ملاقات ہوئی تو انہیں اندازہ ہوا کہ وہ کس قدر محب وطن، مہذب اور شائستہ شخصیت ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر اورنگزیب کے گھر کی جلیبی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “اگر کسی نے ان کے گھر کی جلیبی نہ کھائی ہو، تو گویا کچھ بھی نہیں کھایا۔”
اگرچہ نادیہ خان کی گفتگو نجی نوعیت کی تھی تاہم سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئیں۔ بعض صارفین نے ان کی باتوں کو جذباتی اور خاندانی تعلق کی خوبصورت تشریح قرار دیا لیکن اکثریت نے اسے ایک بار پھر نادیہ خان کی جانب سے میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔
ایک صارف نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “ناکامی سوتیلی ہوتی ہے اور کامیابی کے سو رشتہ دار نکل آتے ہیں” جبکہ ایک اور نے سوال اٹھایا کہ کیا ایئر وائس مارشل اورنگزیب کو معلوم ہے کہ ان کے ساتھ گھنٹوں فون پر گفتگو کی جاتی رہی ہے؟