پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر مرکزی رہنما اور سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ پر الزام ہے کہ انہوں نے کراچی کے علاقے ملیر میں 253 ایکڑ زمین پر قبضہ کیا جس پر نیب حکام متحرک ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) نے الزامات کی تحقیق کیلئے ڈی سی ملیر کو متعلقہ کاغذات رواں ماہ کی 27 تاریخ تک دفتر میں جمع کرانے کی ہدایت کردی جبکہ قبل ازیں محکمۂ اینٹی کرپشن کی جو تحقیقات حلیم عادل شیخ کے خلاف کی گئیں، وہ بھی نیب حکام کی نظر میں ہیں۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی طرف سے جاری کردہ لیٹر میں محکمۂ اینٹی کرپشن کی تحقیقات کا ذکر موجود ہے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن (ایسٹ) ضمیر عباسی گزشتہ برس حلیم عادل شیخ پر مختلف الزامات عائد کرچکے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ ہم اداروں کو اپنا کام کرنے دیں گے۔ ہماری رائے میں حلیم عادل شیخ بے قصور ہے، تاہم اگر اُن پر کرپشن ثابت ہوجاتی ہے تو ادارے قانونی کارروائی کیلئے آزاد ہیں، تاہم حلیم عادل شیخ کی طرف سے اِس حوالے سے کوئی بیان اب تک سامنے نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھیں: کرپٹ حکمرانوں نے بارانِ رحمت کو زحمت بنادیا ۔ حلیم عادل شیخ