کراچی: جاوید میانداد نے کہا ہے کہ بھارت میں گھر سے نکلتے وقت مسلمان اپنی حفاظت کی غرض سے چھری یا خنجر ساتھ رکھا کریں کیونکہ مسلمان کو یقین ہے کہ اگر زندہ رہے تو غازی ورنہ شہید ہوں گے اور شہید کبھی مرتے نہیں ہیں۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ریکارڈ ساز کرکٹرجاویدمیانداد نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت میں ہونے والے ظلم و ستم کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔ ہم بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو دکھا دیں گے کہ پاکستانی قوم متحد ہے۔
انہوں نے بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ایک مسلمان کو بیس بیس لوگ مارنے آجاتے ہیں، بھارت میں ہونے والا یہ ظلم ناقابل قبول ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ بیٹسمین شرجیل خان کی کرکٹ میں واپسی
دنیائے کرکٹ کے عظیم بیٹسمین نے اس موقعے پر کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے اور کہا کہ ہمیں مسلمانوں پر بھارت میں ہونے والے مظالم کا بہت افسوس ہوتا ہے۔ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہونے والا ظلم مسلمانوں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔
مزید پڑھیئے: سابق کپتان مصباح الحق کو ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنائے جانے کا امکان