اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء میں تعریفی اسناد تقسیم کردیں، وزیرِ مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا وزیر قرار دیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے تعریفی سند سے نوازا۔
تعریفی اسناد کی تقسیم کی تقریب وزیراعظم آفس میں منعقد ہوئی ،وزیراعظم نے بہترین کارکردگی دکھانے والے اراکین کو تعریفی اسناد سے نوازنے کے ساتھ وزارتوں کے ملازمین کو اضافی الاؤنسز بھی فراہم کرنے کااعلان کیا۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی وزارت منصوبہ بندی، تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر اور وزیر تعلیم شفقت محمود کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری، وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سرٹیفکیٹ دیے گئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی نظام صرف اس وقت کام کرتا ہے جب بہترین کارکردگی پر انعامات کا نظام موجود ہو، انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وزارتوں کو مزید مراعات دی جائیں گی،ہمیں وزارتوں کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنا ہے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو سی پیک میں سرمایہ کاری کی دعوت دیدی