کراچی میں نیا سیاسی دنگل شروع ہونے پر 2 سیاسی پارٹیوں متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) اور پیپلز پارٹی میں محاذ آرائی شروع ہوگئی، ایم کیو ایم نے آج عوامی احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) نے بااختیار شہری سندھ کی جدوجہد کے عنوان سے عوامی احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے جو آج کراچی کے علاقے کریم آباد سے شروع ہو کر مزارِ قائد تک جائے گی۔ متحدہ کی مرکزی قیادت، کارکنان اور عوام الناس کی ریلی میں بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔
آج دوپہر 2 بجے شروع ہونے والی ریلی میں کراچی کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان)نے سندھ حکومت کے سامنے مختلف مطالبات رکھے ہیں جن میں سیاسی پابندیاں، متعصب پولیس کے نظام اور جعلی ڈومیسائل پر جوڈیشل یا نیب انکوائریاں ختم کرانا شامل ہے۔
مذکورہ سیاسی مطالبات کے علاوہ ایم کیو ایم (پاکستان) نے کچھ عوامی مطالبات بھی سندھ حکومت سے عوامی احتجاجی ریلی کے ذریعے منوانے کا فیصلہ کیا ہے جن میں خود مختار بلدیاتی نظام کا قیام، کوٹہ سسٹم کا خاتمہ، شہرِ قائد کی از سرِ نو مردم شماری اور صوبائی حکومت میں غیر مقامی افراد کی تعیناتیوں کی بندش شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم کا اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ سطحی پینل سے خطاب