اسلام آباد: موڈیز انویسٹر سروس نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں مالی سال 21-2020ء کے دوران پاکستانی معیشت میں 1 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارے موڈیز کے مطابق ملک میں موجود بینک سرکاری تعاون کے باعث استحکام کی حالت میں ہیں تاہم کورونا خدشات اور دیگر مسائل کے باعث بینکاری کے شعبے کو خطرات بھی لاحق ہیں۔
موڈیز نے پاکستانی شعبۂ بینکاری سے متعلق آؤٹ لک میں بتایا کہ کورونا وباء سے قبل کی طح سے اقتصادی سرگرمیاں کم رہنے کی توقع ہے جبکہ رواں مالی سال میں معاشی سطح 1 اعشاریہ 5 فیصد معمولی نمو کی طرف لوٹ سکتی ہے۔
قبل ازیں عالمی بینک جی ڈی پی شرحِ نمو کیلئے 0 اعشاریہ 5 فیصد جبکہ اسٹیٹ بینک 1 اعشاریہ 5 سے لے کر 2 اعشاریہ 5 تک کی پیشگوئی کرچکا ہے۔ موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستان بینکاری کیلئے طویل المدتی قرضوں میں اضافے کی مضبوط صلاحیت رکھتا ہے۔
سینئر نائب صدر موڈیز کے مطابق سرکاری قرض پروفائل مستحکم نظر آتی ہے، حالانکہ کورونا وباء کے باعث ماحول معیشت کیلئے زیادہ سازگار نہیں رہا، معاشی اصلاحات کے باعث بینکوں کیلئے مثبت صورتحال خوش آئند ہے۔
معاشی صورتحال سے متعلق موڈیز نے امید ظاہر کی ہے کہ قرض کے معیار پر سست معاشی بحالی سے اثر مرتب ہوسکتا ہے ، سن 2020ء کے دوران بڑھنے والا بینکوں کا منافع کم مارجن کے باعث دباؤ کا شکار ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موڈیز کی مثبت ریٹنگ، کیا پاکستان ترقی کررہا ہے؟