اردو اور سندھی ڈراموں کے سینئر اداکار میر محمد لاکھو کا انتقال

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اردو اور سندھی ڈراموں کے سینئر اداکار میر محمد لاکھو کا انتقال

اردو اور سندھی ڈراموں کے سینئر اداکار میر محمد لاکھو 75سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ میر محمد لاکھو نے اردو اور سندھی کے علاوہ بلوچی زبان کے ڈراموں میں بھی اداکاری کی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند سال سے علالت کے باعث میر محمد لاکھو ہسپتال میں زیر علاج تھے، جنہیں عارضۂ قلب اور سانس لینے میں تکلیف کا بھی سامنا رہا۔ میر محمد لاکھو نے پی ٹی وی سینٹر کراچی سے سندھی ڈراموں میں اداکاری شروع کی۔

زیادہ تر معاون کرداروں میں نظر آنے والے میر محمد لاکھو کے ورسٹائل انداز کو اداکاری کے میدان میں خوب سراہا گیا۔ درجنوں سندھی ڈراموں کے علاوہ سندھی فلموں میں بھی میر محمد لاکھو کی اداکاری عوامی توجہ کا مرکز بن گئی۔

میر محمد لاکھو نے ریڈیو پاکستان کے ڈراموں میں صداکاری بھی کی۔ پاکستان کے علاوہ متعدد دیگر ممالک میں اسٹیج پر اداکاری کے جوہر بھی دکھائے اور اپنے مداحوں سے ڈھیروں داد وصول کی۔ 2002 کے بعد انہیں روایتی سندھی کرداروں سے خاص شہرت ملی۔

زندگی کے آخری ایام میں میر محمد لاکھو نے اداکاری کم کردی۔ کورونا کے باعث بیماریوں کی شدت میں اضافہ ہوا اور 2020 میں میر محمد لاکھو عارضۂ قلب کے باعث نجی ہسپتال منتقل کردئیے گئے۔ 15جنوری کو میر محمد لاکھو کراچی میں انتقال کر گئے۔

کراچی کے علاقے شانتی نگر میں میر محمد لاکھو کا انتقال ان کی رہائش گاہ پر 14 اور 15 جنوری کی درمیانی شب دیر گئے ہوا۔ سینئر اداکار کی تدفین ان کے آبائی گاؤں بھلو لاکھو میں سیّد ورل شاہ کے قبرستان میں ہوئی جبکہ نمازِ جنازہ میں سیکڑوں افراد شریک ہوئے۔

سندھی شوبز سمیت مختلف معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے میر محمد لاکھو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر پیپلز پارٹی رہنماؤں نے بھی میر محمد لاکھو کے انتقال پر تعزیت کی۔

Related Posts