کراچی :وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت سیکریٹری بلدیات حکومت سندھ روشن علی شیخ کے دفتر میں کے فورپراجیکٹ کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا ۔
اجلاس میں مئیر کراچی وسیم اختر، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان ، پراجیکٹ ڈائریکٹر کے فوراسد ضامن ، چیئرمین ضلع کونسل کراچی سلمان عبداللہ مراد ، ممبر واٹر بورڈ سلیمان چانڈیو، ایوب شیخ بھی شریک تھے۔میٹنگ میں ممبران واٹر بورڈ کے بعض ارکان ویڈیولنک کے ذریعے میٹنگ میں شریک ہوئے ۔
میٹنگ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے اپنی عوام کی روزمرہ پانی کی ضروریات کی تکمیل کے لئے کے فورمنصوبے کو خصوصی توجہ اور وسائل منتقل کئے ہیں ۔ سندھ کی عوام کو ان کی دھلیز پر سہولیات کی فراہمی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا وژن ہے جس پر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور ان کی تمام کابینہ عمل پیرا ہے۔
وزیر بلدیات سندھ کے مطابق کے فورمنصوبہ صوبے میں عوام کی پانی کی ضروریات، مستقبل کے اندیشوں اور تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے جس میں تمام تر شفافیت اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کو خصوصی توجہ حاصل ہے۔
موجودہ صورت حال کے تناضر میں حکومت سندھ یہ چاہتی ہے کہ تمام تر قانونی ضابطوں اور اہم نکات پر باہمی مشاورت کے ساتھ جلد از جلد اپنی عوام کو منصوبے کے ثمرات سے مستفید کرے اور کسی بھی طرح آنے والے وقت کی مشکلات سے پیشتر اپنی عوام کو سہولیات کی فراہمی کا مشن یقینی بنائے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ نے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ کے فورمنصوبے میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے جس کے تحت منصوبے کی شفافیت اور عالمی تقاضوں کے مطابق تکمیل یقینی بنائی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: فراہمی آب کا عظیم الشان کے فور منصوبہ آخر کب مکمل ہوگا؟؟؟