معروف فٹبالر لیونل میسی 17 سال میں پہلی بار سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ ‘بیلن ڈی اور 2022’ کیلئے نامزد نہ ہوسکے۔
فرانسیسی فٹبال حکام نے جمعہ کو سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کیلئے 30 کھلاڑیوں پر مشتمل نامزدگیوں کا اعلان کیا جس میں 2005 کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ جب لیونل میسی کا نام فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔
7 مرتبہ یہ ایوارڈ جیتنے والے میسی نے گزشتہ سیزن میں پیرس سینٹ جرمین کی نمائندگی کرتے ہوئے 34 میچز میں صرف 11 گول کیے، جس کے بعد مداحوں کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ خراب کارکردگی کی وجہ سے وہ سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کی نامزدگیوں میں جگہ نہیں بنا سکے۔
اس کے علاوہ برازیل کے معروف فٹبالر نیمار بھی اس فہرست سے باہر ہیں البتہ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو مانچسٹر یونائیٹڈ کیلئے 31 میچز میں 18 گول کر کے سال کے بہترین فٹبالر کے لیے نامزد تو ہوئے ہیں لیکن اس بار فرانس کے کریم بینزیما کو اس ایوارڈ کیلئے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔
فرانسیسی فٹبالر نے ریال میڈرڈ کو چیمپئنز لیگ اور لا لیگا جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے گزشتہ سیزن میں 44 گولز کیے۔