لاہور: سکھ برادری کی مذہبی عبادت گاہ گوردوارہ جنم استھان، ننکانہ صاحب میں پہلی بار محفلِ میلاد آج منعقد ہوگی جبکہ دنیا بھر کے مسلمان یہ دینی مجلس نبئ آخر الزمان ﷺ کے ماہِ ولادت ربیع الاول کے دوران سجاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رسول اکرم ﷺ کے ماہِ ولادت ربیع الاول کے دوران گوردوارہ جنم استھان شری ننکانہ صاحب میں گوپال سنگھ چاؤلہ اور منہاج القرآن انتر فیتھ ہارمنی کے زیر انتظام پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ محفلِ میلاد منائی جائے گی۔
نریندر مودی کی جوبائیڈن سے ملاقات، سکھ برادری کا احتجاج
سکھ یاتریوں کو بابا گرو نانک کی برسی میں شرکت کی اجازت مل گئی
سکھ یاتریوں پر پابندیاں بھارت کا شرمناک اقدام ہے
محفلِ میلاد کی تقریب سے ڈاکٹر حسین محی الدین سمیت دیگر علمائے کرام خطاب کریں گے۔ پنجابی سکھ سنگت کے سربراہ سردار گوپال سنگھ چاؤلہ کا کہنا ہے کہ گوردوارہ صاحب میں محفلِ میلاد کا انعقاد پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس بھی ننکانہ صاحب میں ربیع الاول کی آمد پر گوردوارہ جنم استھان سمیت تمام گوردواروں اور مسیحی برادری کے گرجا گھروں کو بھی خوبصورت لائٹنگ سے سجایا گیا۔ سکھ برادری کے ہمراہ مسیحی برادری نے بھی عید میلاد النبی ﷺ منائی۔
ننکانہ صاحب میں عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس جب گوردوارہ جنم استھان پہنچتا ہے تو اس کا سکھ برادری شاندار استقبال کرتی ہے۔ جلوس کے شرکاء پر گل پاشی ہوتی ہے۔ سکھ برادری جگہ جگہ کھانے پینے کے اسٹالز بھی لگاتی ہے۔