کراچی: یومِ دفاع و شہدائے پاکستان کے موقعے پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے فرائض سنبھالے۔
تفصیلات کے مطابق آج یومِ دفاع و شہدائے پاکستان کے موقعے پر مسلح افواج کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد کی گئی جس میں پاک فضائیہ کے دستے شریک ہوئے۔
ائیر مارشل محمد قیصر جنجوعہ مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے بابائے قوم کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
لاہور کینٹ میں بھی ستمبر 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کیلئے یادگارِ شہداء پر پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے گیریژن کمانڈر نے پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہدائے پاکستان کو سلامی پیش کی۔ یادگارِ شہداء کے ساتھ بنائے گئے آرمی میوزیم مں جنگِ ستمبر کے دوران دشمن سے چھینے گئے ہتھیار آج بھی موجود ہیں۔ تحریکِ پاکستان کی تصویری منظر کشی بھی دیکھی جاسکتی ہے۔
آج بھی آرمی میوزیم میں جنگِ ستمبر 1965 کے دوران قبضے میں لیا گیا دشمن کا جنگی سازو سامان گواہ ہے کہ پاک فوج کے بہادر سپوت جواں مردی کے ساتھ دشمن سے لڑے، مادرِ وطن کیلئے جانوں کی قربانی دی اور دشمن کے دانت کھٹے کردئیے۔
خیال رہے کہ آج ملک بھر میں یومِ دفاع و شہدائے پاکستان ملی جوش و جذبے اور یکجہتی کے ساتھ منایا جارہا ہے جس کا مقصد پاک فوج اور مادرِ وطن سے محبت کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
آج سے ٹھیک 56 برس پہلے 1965 کی جنگ میں پاک فوج نے دشمن کے دانت کھٹے کردئیے، پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔
پاک فوج کے جوانوں نے مادرِ وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو عبرت ناک شکست دی۔ شہدائے پاکستان کی قربانیوں کے نتیجے میں ارضِ وطن کی آزادی کی حفاظت یقینی بنائی گئی۔
مزید پڑھیں: یومِ دفاع و شہدائے پاکستان ملی جوش و جذبے سے آج منایا جارہا ہے