مٹیاری ڈگری کالج کے 24میں سے 17اساتذہ کی غیر حاضری کا انکشاف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مٹیاری ڈگری کالج کے 24میں سے 17اساتذہ کی مسلسل غیر حاضری کا انکشاف
مٹیاری ڈگری کالج کے 24میں سے 17اساتذہ کی مسلسل غیر حاضری کا انکشاف

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: ڈائریکٹر کالجز حیدرآباد پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید چنڑکی جانب سے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج مٹیاری کے پرنسپل کے نام لکھے خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 10لیکچرراور7 گریڈ18 کے اسسٹنٹ پروفیسرز کالج سے مسلسل غیر حاضر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر کالجز حیدر آباد نے پرنسپل گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج مٹیاری کے نام خط لکھ کر بتایا کہ 17 اساتذہ کی مسلسل غیر حاضری کے حوالے سے سیکرٹریٹ سے رپورٹ طلب کی گئی ہے لہذاہ اساتذہ کی مسلسل غیر حاضری کی رپورٹ جمع کرائیں ۔

سندھ بھر کےکالجز میں 4سال کے بعد دوبار ہ 70ہزار روپے کی بایو میٹرک مشینیں نصب کی گئی ہیں، جس کاحکم براہ راست ڈائریکٹر جنر ل کالجز گریڈ 19کے جونیئر افسر راشد احمد مہر کی جانب سے دیا گیا تھا، ان بایو میٹرک مشنیوں کی رپورٹ براہ راست سندھ سیکرٹریٹ میں دیکھی جاسکتی ہے جس میں کالج کی طرف سے کسی بھی قسم کی جعلسازی نہیں کی جاسکتی۔

اس حوالے سے 15فروری کو کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ کے سیکشن افسر اے اینڈ ڈی ٹو کی جانب سے ڈائریکٹر کالجز حیدرآبادپروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید چنڑ کو ایک لیٹر لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ بایو میٹرک حاضری رپورٹس کے مطابق 10لیکچررز اور 7اسسٹنٹ پروفیسرز غیر حاضر ہیں۔ کالج سے مسلسل غیر حاضری کی معقول وجہ بتائی جائے۔ 

بعد ازاں  ڈائریکٹر کالجز حیدرآبادپروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید چنڑکی جانب سے 15فروری کو ایک لیٹر لکھا گیا جس میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج مٹیاری کے پرنسپل کو حکم جاری کیا گیا ہے کہ  کالج کے 17اساتذہ مسلسل غیر حاضر ہیں اس کی انکوائری کرکے 3روز میں رپورٹ جمع کرائیں۔

موصول ہونے والی لسٹ کے مطابق گریڈ 17 کے 10لیکچررز میں منیر حسین، سکندر، کامران علی، عزیزالرحمان، کیہڑ خان، اسداللہ ابڑو، شاہد عمر، فرحان نثار اعوان، آصف محمد خان اور فرمان علی شامل ہیں جبکہ محمد عبداللہ حلیم، اعجاز علی، مسرور احمد،  محمد نعیم، مدد علی، محمد احمد مسرور اور عدنان احمدگریڈ 18 کے اسسٹنٹ پرفیسرز ہیں جو مسلسل غیر حاضر ہیں۔

مسلسل غیر حاضر اساتذہ کی ریکارڈ میں کوئی سی ایل بھی درج نہیں۔ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج مٹیاری کے پرنسپل سید بدرالزمان شاہ سمیت کل 25 اساتذہ اور 9غیر تدریسی عمال ہیں، جن میں گریڈ 19کے ایسوسی ایٹ پروفیسرز،گریڈ18 کے اسسٹنٹ پروفیسرزاور گریڈ17 کے لیکچررزکے علاوہ لائبریرین، اسسٹنٹ، کلرک، جونیئر کلکرک وغیرہ عملے میں شامل ہیں۔

ایک ہی روز کے دوران مٹیاری ڈگری کالج سے 17اساتذ ہ کا غیر حاضر ہونا طلبہ کی تعلیم کے حوالے سے شدید تشویش کا باعث ہے۔کسی بھی کالج میں اساتذہ کی رخصت کا ایک طے شدہ فارمولہ موجود ہے جس کے مطابق اساتذہ رخصت حاصل کرتے ہیں تاہم کسی ایمرجنسی کی صورت میں کالج کو اطلاع کردی جاتی ہے۔ایک ساتھ 17اساتذہ کو رخصت کسی صورت نہیں دی جاتی۔ 

Related Posts