عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز ایک ایک کروڑ کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے بعد ضمانت پر رِہا کر دیا جبکہ رہائی سے قبل ان کے مچلکوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی طرف سے ایک ایک کروڑ کے 2ضمانتی مچلکے پیش کر دئیے گئے۔
عدالت نے چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی رہائی کے لیے قانونی تقاضوں کی تکمیل کی ہدایت کی جبکہ معزز جج امجد نذیر چوہدری کی عدالت میں مچلکے پیش کیے گئے تھے۔
فاضل جج نے احتساب عدالت کے رجسٹرار کو رقم جمع ہونے کی تصدیق کرانے کا حکم دیتے ہوئے عملے کو روبکار جاری کرنے کی ہدایت کی جبکہ مریم نواز کے ضمانتی مچلکوں کی تصدیق کا عمل مکمل ہوگیا۔
یاد رہے کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نےضمانت کےعوض پاسپورٹ ،7کروڑ نقداور2کروڑ روپے کے مچلکے جمع کروائے۔
عدالتی حکم پر کیپٹن صفدر نے گزشتہ روز عطا تارڑ اور وکلا کے ہمراہ مریم نواز کا پاسپورٹ،7 کروڑ کی رقم اورضمانتی مچلکے ہائی کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کروائے۔
مزید پڑھیں: مریم نوازنے پاسپورٹ،7کروڑ روپے نقد اور2 کروڑ کے مچلکے جمع کرادیے