کراچی میں قائد آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مطلوب منشیات فروش کو گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے 11 کلو گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قائد آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی کی کوشش ناکام بنا دی۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے 11 کلو گرام سے زائد فائن کوالٹی کی چرس تحویل میں لے لی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لوئر دیر میں فائرنگ،سابق وزیر کے 2بیٹوں سمیت 9افراد جاں بحق
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق گرفتار ملزم شہباز خان نے برآمد کی گئی چرس شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیے جانے کا انکشاف کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم پولیس کے مطلوب منشیات فروشوں کی فہرست میں شامل ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم شہباز خان کراچی میں منشیات کی سپلائی میں ملوث گروہ کیلئے کام کرتا تھا۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کے متعلق معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ ملزم کو مزید پوچھ گچھ اور انکشافات کیلئے تفتیشی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی میں ہنڈی (حوالہ) کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے 5 ملزمان کو حراست میں لے لیا جن کے قبضے سے کروڑوں روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔
ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں جن میں آئی آئی چندریگر روڈ اور کلفٹن شامل تھے۔ ہنڈی (حوالہ) کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث کیپٹل ایکسچینج کمپنی کے نمائندے گرفتار ہوگئے۔
مزید پڑھیں: ہنڈی کا غیر قانونی کاروبار، ایف آئی اے نے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا