اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی سابق مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر لے جا کر عالمی میڈیا اور سفارت کاروں کو سب کچھ دکھایا، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم کچھ نہیں چھپاتے۔
سابق مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوامِ متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے سیاسی امور روز میریڈی کارلو سے ملاقات کے دوران کہا کہ حقائق پر پردہ ڈالنا بھارت کی پالیسی ہے، جبکہ پاکستان ایسا نہیں کرتا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر کے حوالے سے اپنے الفاظ واپس نہیں لوں گا، ملائیشین وزیراعظم کا اعلان
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان کچھ چھپا نہیں رہا، بلکہ حقیقت سامنے لا رہا ہے جس سے بھارت کی مکاری اور بے بنیاد بیان بازی ساری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت کی نریندر مودی حکومت بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی کرتی ہے، جبکہ بھارت ہزاروں کشمیریوں کو قید کرنے کے بعد بھی حقائق پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کوئی مقدمہ بنائے بغیر ماورائے عدالت نوجوانوں اور بچوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ بھارت کے مسلسل 80 روزہ کرفیو کے باعث کشمیر میں سنگین انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اقوامِ متحدہ نے ملیحہ لودھی کے کردار کو پاکستان کی ساکھ بڑھانے کے لیے قابلِ فخر قرار دیا ، جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس نے خاتون پاکستانی مندوب کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
امریکی شہر نیو یارک میں چار روز قبل ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی جس کے دوران افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سیکریٹری جنرل نے ان کے کردار کی تعریف کی۔
مزید پڑھیں: ملیحہ لودھی کا کردار پاکستان کی ساکھ بڑھانے کے لیے قابل فخر ہے۔اقوام متحدہ