مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام خارج کرنے کی کسی درخواست کی آج سماعت نہیں ہوسکے گی، سماعت کے لیے تشکیل دیا گیا ججز بینچ تحلیل ہوگیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے ملک سے باہر جا کر والد کے علاج میں تیمارداری اور ملاقات کی خواہش کے تحت 2 درخواستیں دائر کیں جن کی سماعت کے لیے بینچ قائم کیا گیا۔
ہائی کورٹ میں جسٹس علی باقر نجفی کی قیادت میں قائم بینچ موسمِ سرما کی تعطیلات کے نتیجے میں تحلیل کردیا گیا جس کے باعث مریم نواز کی درخواستیں التواء کا شکار ہوسکتی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں رکھنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔
کابینہ اجلاس کے دوران ذیلی کمیٹی نے وزیر اعظم عمران خان کو اپنی سفارشات پیش کیں جس کے بعد وزیر اعظم نے کابینہ اراکین کو رائے دینے کی ہدایت کی۔ استفسار کیا کہ کیا ذیلی کمیٹی کا فیصلہ درست ہے یا کسی کو اس پر اعتراض بھی ہے؟
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کا مریم نواز کا نام ای سی ایل میں رکھنے کا فیصلہ