ریاض: حجاج کرام مزدلفہ میں رات گزارنے کے بعد منیٰ پہنچ گئے جبکہ سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں عیدالاضحیٰ آج منائی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فریضۂ حج کی ادائیگی کیلئے حجاجِ کرام نے گزشتہ شب مزدلفہ میں گزاری اور آج منیٰ پہنچ گئے۔ منیٰ میں بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کا عمل شروع ہوگیا۔ حج کے دوران شیطانوں کو کنکریاں مارنا رمی کہلاتا ہے۔
رمی کے بعد حجاجِ کرام قربانی کریں گے۔ حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آج عیدالاضحیٰ کے دوران صدرِ حرمین شیخ سدیس مکہ کے گورنر کے ہمراہ مسجدِ حرام پہنچے جہاں عید نماز کیلئے دنیا بھرکے مسلمان موجود ہیں۔
President Sheikh Sudais along with Governor of Makkah have arrived in Masjid al Haram, Makkah to perform #EidAlAdha Prayers pic.twitter.com/910x5N1wpm
— Inside the Haramain (@insharifain) July 20, 2021
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آج حج کا تیسرا روز ہے اور کچھ ہی وقت قبل عیدالاضحیٰ کی بابرکت صبح کے دوران کورونا ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ طوافِ افادہ کیا گیا۔
Hajj Day 3: Tawaf al Ifadah moments ago, on this blessed morning of Eid Al Adha. pic.twitter.com/3O5JrvaXJl
— Inside the Haramain (@insharifain) July 20, 2021
سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں عیدالاضحیٰ آج منائی جارہی ہے۔ مسجدِ حرام میں نمازِ عید ادا کردی گئی جس کے بعد امتِ مسلمہ کیلئے خشوع و خضوع سے دعائیں کی گئیں۔ حجاج کرام سمیت دیگر مسلمان سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔
خلیجی ممالک اور سعودی عرب کے علاوہ امریکا، یورپ اور کینیڈا میں بھی عیدالاضحیٰ کا مذہبی تہوار ہم آہنگی اور عقیدت و احترام کے ساتھ آج منایا جارہا ہے۔ حجاجِ کرام مناسکِ حج مکمل ہونے پر احرام کھول دیں گے۔
گزشتہ روز خطبۂ حج کے دوران شیخ بندر بن عبدالعزیز نے امتِ مسلمہ کو اسلام کے بنیادی اصولوں کی پیروی کرنے کا درس دیتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ کو چاہئے کہ آپس میں شفقت کا معاملہ رکھے۔ عداوت اور نفرت ختم کریں، فساد نہ پھیلائیں۔
خطبۂ حج کے دوران امامِ کعبہ نے کہا کہ بے شک اللہ تعالیٰ فساد پھیلانے والوں کو پسند نہیں کرتا۔ اللہ تعالیٰ نے لوگوں کو نیکی کا حکم دیا ہے۔ والدین، بزرگوں اور کمزور افراد کے ساتھ اچھا سلوک کریں۔
خطاب کے دوران شیخ بندر بن عبدالعزیز نے کہا کہ عوام کورونا کی موذی وباء سے بچیں۔ جس علاقے میں طاعون پھیلے، وہاں سے باہر نہ جائیں۔ اللہ تعالیٰ نے جس طرح آپ پر احسان فرمایا، اسی طرح لوگوں پر بھی احسان کریں۔
امامِ کعبہ نے کہا کہ اللہ سے ڈریں اور اپنی نمازوں کی حفاظت کریں۔ اللہ کی رضا کیلئے اپنے وعدے پورے کریں۔ شیطان آپ کو گمراہ کرنے کی کوشش کرے گا۔ احسان یہ ہے کہ آپ اللہ کی عبادت اس طرح کریں کہ جیسے آپ اسے دیکھ رہے ہوں۔
خیال رہے کہ رواں برس کا خطبۂ حج گزشتہ روز شروع ہوا جس کے انٹرنیٹ پر دستیاب تراجم 10 زبانوں میں بیک وقت سنے جاسکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا کہ 1442 ہجری اور 2021 عیسوی کا خطبۂ حج 12 بج کر 30 منٹ پر (پاکستانی وقت کے مطابق ڈھائی بجے) شروع ہوگیا جسے آن لائن سنا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: مکہ مکرمہ، رواں برس کے حج کا خطبہ شروع، تراجم 10 زبانوں میں دستیاب