امریکی ارب پتی ریئلٹی ٹی وی اسٹار کِم کارڈیشین آج پیرس میں اپنے ساتھ ہونے والی مسلح ڈکیتی کے مقدمے میں گواہی دینے والی ہیں جس میں نو سال قبل ان سے قیمتی زیورات چھینے گئے تھے۔
سی این این کے مطابق توقع کی جا رہی ہے کہ وہ عدالت میں 2016 کی پیرس فیشن ویک کے دوران پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات بیان کریں گی، جب اُن سے تقریباً ایک کروڑ ڈالر مالیت کے نقدی اور زیورات لوٹ لیے گئے تھے جن میں ایک چالیس لاکھ ڈالر کا منگنی کا انگوٹھی بھی شامل تھی، جو آج تک برآمد نہیں ہو سکی۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب کم کارڈیشین خود ان مبینہ ڈاکوؤں کے سامنے عدالت میں پیش ہوں گی۔
اس مقدمے میں نو مرد اور ایک خاتون شامل ہیں جن کی عمریں تیس سے ستر سال کے درمیان ہیں۔ ان پر مسلح ڈکیتی، اغوا، اور سازش جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ان میں سے آٹھ افراد نے کسی بھی قسم کی مداخلت سے انکار کیا ہے جبکہ دو نے نسبتاً کم درجے کے جرائم کا اعتراف کیا ہے۔
ملزمان میں سے کئی افراد پہلے سے جرائم میں ملوث رہے ہیں اور مقدمے کے آغاز میں زیادہ تر وقت انہی کے مجرمانہ ماضی پر بحث ہوتی رہی ہے۔
یہ مقدمہ 28 اپریل کو پیرس کی ایک بھری ہوئی عدالت میں شروع ہوا۔
گزشتہ جمعرات کو عدالت نے کارڈیشین کے باڈی گارڈ اور ڈرائیور کا بیان سنا۔ سی این این کے مطابق ڈرائیور نے دعویٰ کیا کہ اسے اس رات کے واقعے کی کچھ بھی یاد نہیں حالانکہ جب وہ جائے وقوعہ پر پہنچا تو مبینہ طور پر عمارت کے ریسپشنسٹ کو بندھا ہوا پایا۔
یہ مقدمہ کئی برسوں سے التوا کا شکار رہا جس کی ایک بڑی وجہ 2015 کے پیرس دہشت گرد حملوں سے متعلق اہم عدالتی کارروائیاں تھیں۔مقدمے کی سماعت 22 مئی تک جاری رہے گی جبکہ 23 مئی کو فیصلے کا اعلان متوقع ہے۔