احتساب عدالت لاہور نے ن لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کی رہائی کا حکمنامہ جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف پر منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام عائد کیا گیا تھا جس میں ان کی ضمانت لاہور ہائیکورٹ نے منظور کر لی۔
لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز منی خواجہ آصف کی ضمانت کیلئے 1 کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ خواجہ آصف کی رہائی کا حکم جاری کردیاگیا ہے۔
ن لیگ کے سینئر رہنما اور سابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف کو گزشتہ برس 29 دسمبر کے روز گرفتار کیا گیا۔ بعد ازاں خواجہ آصف نے رواں برس 27 مارچ کو درخواستِ ضمانت دائر کردی۔
لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔
گزشتہ روز جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس شہباز رضوی پر مشتمل ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خواجہ آصف کی دائر کردہ درخواست ضمانت منظور کر لی۔
ن لیگ کے صدر واپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے خواجہ آصف کی ضمانت منظور ہونے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ خواجہ آصف کی ناحق قید کا سلسلہ تمام ہوا، وہ سیاسی انتقام کی بدقسمت اور افسوسناک روایت کا نشانہ بنے۔
شہباز شریف کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ جس دلیری اور بہادری سے خواجہ آصف نے حکومت کے سیاسی انتقام کا سامنا کیا وہ قابل ستائش ہے۔ خواجہ آصف کو نواز شریف، شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) سے وفاداری پر قید سہنا پڑی۔
مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی